ستھراپنجاب مہم کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی ٹوبہ کا چک250کا دورہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے چک نمبر 250 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری اقدامات اور مہمات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے “ستھرا پنجاب مہم” کے سلسلے میں گاوں کی گلیوں اور عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود رہائشیوں سے بھی ملاقا ت کی اور صفائی سے متعلق ان کی آرااور تجاویز سنیں۔ شہریوں نے ستھرا پنجاب مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دیہی علاقوں میں ماحول بہتر ہو رہا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے ایسوسی ایٹ کالج موروثی پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز، دیگر تعلیمی سہولیات اور خصوصا لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے لیبارٹری میں موجود ساز و سامان اور طلبہ کو دی جانے والی عملی تعلیم کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلیمی ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم کے تحت جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا، پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کی اور موقع پر موجود والدین کو بچوں کو قطرے پلانے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں یکساں سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں