ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے ہرادیا

ملتان (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل10) کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33رنز سے ہرادیا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سلطانز نے ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 228رنز بنائے۔ اوپنر یاسر خان نے 44گیندوں پر 87رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان محمد رضوان نے 32، عثمان خان نے 39، اشٹن ٹرنر نے 15 رنز بنائے۔ اختتامی لمحات میں افتخار احمد نے 18گیندوں پر 40رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 228کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے رشد حسین نے 2جبکہ سکندر رضا، شاہین آفریدی اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بناسکی۔ سکندر رضا 50رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ سیم بلنگز 43 اور فخر زمان 32 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹرز رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 3، مائیکل بریس ویل اور اسامہ میر نے دو دو جبکہ ڈیوڈ ویلی اور جوش لٹل نے ایک ایک وکٹ لی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے دھواں دار اننگز کھلنے پر یاسر خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں