ذوالفقار کالونی گلی نمبر2کی تعمیر ادھوری ،آمدورفت میں شدید مشکلات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ذوالفقار کالونی گلی نمبر2 میں گھروں کے سامنے پتھر ڈال کر گلی کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا’ لوگوں کا گزرنا محال’ موٹرسائیکلوں سے گر کر لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آنے لگے، سابق ایم پی اے میاں محمد طاہر جمیل اس مسئلہ کو فوری حل کروائیں، علاقہ مکینوں کا پُرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق عوامی مشکلات کے حل کیلئے سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی اور سابق ایم پی اے میاں محمد طاہر جمیل کی خصوصی دلچسپی سے ذوالفقار کالونی گلی نمبر2 میں گلی کی تعمیر کا کام شروع ہوا۔ عیدالفطر سے قبل ٹھیکیدار نے درجن بھر گھروں کے سامنے گلی تعمیر کر دی اور باقی ایک درجن سے زائد گھروں کے سامنے پتھر ڈال کر اسے عیدالفطر کے بعد مکمل کرنے کا کہا گیا، مگر ابھی تک ذوالفقار کالونی گلی نمبر دو میں ادھورا کام دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ علاقہ مکینوں نے اس مسئلہ کو متعدد بار اجاگر کیا جس پر گلی کی تعمیر کے لیے پیمائش کر لی گئی مگر عملی کام بھی شروع نہیں ہو سکا، مذکورہ گلی میں درجن سے زائد گھروں کے سامنے پتھر ڈال کر اسے تعمیر نہ کرنا آمدورفت میں شدید مشکلات کا باعث بن چکا ہے اور یہاں پر کئی لوگ موٹرسائیکلوں سے گر کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ سابق ایم پی اے میاں محمد طاہر جمیل اس مسئلہ کے حل میں خصوصی دلچسپی لیں اور ذوالفقار کالونی گلی نمبر دو میں جہاں پتھر ڈالے گئے وہاں گلی کی تعمیر جلد کروائی جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات حل ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں