ریسکیو1122’سیلاب آندھی ،طوفان سے ہر دم نمٹنے کیلئے تیار ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلع فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122فیصل آباد ظفر اقبال کی زیرنگرانی سنٹرل اسٹیشن پر پری فلڈموک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسیٰ نے موقع پر پہنچ کر تمام انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ پری فلڈ موک ایکسر سائز کا مقصد سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل کا بخوبی جائزہ لینا تھا۔ جس میں ضلع فیصل آباد کے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے، لائیو سٹاک، ایجوکیشن، محکمہ انہار، سول ڈیفنس، ایگریکلچر اور ہیلتھ کے افسران و نمائندگان نے شمولیت اختیار کی۔ تمام متعلقہ اداروں نے اپنے وسائل کو ظاہر کرنے کیلئے بہترین طریقے سے سٹال لگائے اور آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو تمام سٹالز کا وزٹ کروایا اور سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل سے آگاہ کیا۔ کشتیوں اور سکوبا ڈائیو کے دوران پانی کی تہوں سے ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لئے استعمال ہونے والے آلات کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس کے ساتھ ساتھ حادثات کی صورت میں کمیونیکیشن کے نظام کو فعال بنانے کیلئے وائرلیس سسٹم کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسی نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹینینس اور فعالیت کو تسلی بخش قرار دیا اور متعلقہ ضلعی اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن کومزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ ممکنہ سیلابی صورتِ حال میں عوام الناس کی بروقت اور پیشہ ورانہ طریقے سے مدد کی جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور ہمارے تمام ریسکیور سیلاب، آندھی، طوفان اور ہر طرح کے حادثات سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ اور آنے والی ایسی کسی بھی ناگہانی صورتحال میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں