پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے تیز رفتار بلٹ ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پاکستان کی پہلی صوبائی ایئرلائن کی منظوری دے دی گئی جبکہ بلٹ ٹرین کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں مزید تفصیلات بھی سامنے آ گئیں۔ پنجاب حکومت ملک کی پہلی صوبائی ایئرلائن ”ایئر پنجاب” اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کیلئے تیار ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں پہلی صوبائی ایئرلائن کا پراجیکٹ پیش کردیا گیا، جس میں انہوں نے ایئرپنجاب پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ ”ایئرپنجاب” کے لیے فوری طور پر 4 ا یئر بس لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ”ایئر پنجاب”اندرون ملک ڈومیسٹک پروازیں شروع کرے گی اور ایک سال کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد”ایئر پنجاب” بیرون ملک پروازیں بھی شروع کر سکے گی۔ مریم نواز نے ”ایئر پنجاب”کے لئے جدید ترین طیارے لیز پر لینے کیلئے فوری انتظامات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ”ایئر پنجاب” کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لئے ضروری انتظامات جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ علاوہ ازیں اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ بلٹ ٹرین کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی کے سفر کا دورانیہ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک رہ جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لئے بھی مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کار کا ٹاسک سونپ دیا۔ اس کے ساتھ ہی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ مریم نواز نے پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کے منصوبے کے آغاز کے لئے اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید 6 روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین کے لیے پلان طلب کرلیا جس کے تحت لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، اسی طرح لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک ہائی سپیڈ ٹرین چلے گی۔ علاوہ ازیں قلعہ شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔ ہائی سپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا بھی چلائی جائے گی۔ اسی طرح لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائے گی جب کہ فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک بھی ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور یلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گجرانوالہ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں انہوں نے جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ سٹڈی 30مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ اسٹڈی کیلئے 15جون کی ڈیڈ لائن مقرر ہے۔ اہم اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ #/s#

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں