افغان سرحد : دراندازی کی کوشش، 54 خوارج ہلاک

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان کی جانب سے ملک میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اہم کارروائی کا اعلان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ 25اور 26اپریل کی درمیانی شب اور پھر 26اور 27اپریل 2025کی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان-افغانستان سرحد کے راستے بڑی تعداد میں خوارج کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت ناکام بنا دیا۔بیان کے مطابق سکیورٹی فورسزنے مثر حکمت عملی کے تحت دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام 54خوارج کو ہلا ک کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک شدگان سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ خوارج اپنے غیر ملکی آقاں کے اشارے پر پاکستان میں بڑی دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے ، فتنہ الخوارج کی یہ کارروائی واضح کرتی ہیں کہ وہ کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں، ایسی کارروائی ریاست اور عوام کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کا سٹریٹجک مقصد پاکستانی سکیورٹی فورسز کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا ہے تاکہ فتنہ الخوارج کو سانس لینے کا موقع دیا جا سکے، بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحہ کو بروقت روک دیا، یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کسی ایک کارروائی میں سب سے زیادہ خوارج کو ہلاک کرنے کا ریکارڈ ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، ایسی جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔علاوہ ازیں صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان سے دراندازی ناکام بنانے اور دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں 54خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بر وقت روکا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں غیر متزلزل ہیں،یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کی بہادر افواج دشمن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کو اپنے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں