دوبارہ تجاوزات کرنیوالوں کو بھاری جرمانے،کئی علاقوں میں ریڈ مارکنگ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرکی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے میلاد روڈ’ شہزاد سنیما چوک اور گرد نواح میں ریڈ مارکنگ کر دی جبکہ پیپلزکالونی نمبر2 بابر چوک تا پہاڑی والی گرائونڈ میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو 46ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے طے شدہ شیڈول کے تحت متعلقہ علاقوں میں ریڈمارکنگ کر دی، گزشتہ روز شہر کے اہم علاقہ میلاد روڈ’ شہزاد سنیما روڈ اور اسکی ملحقہ گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات پر نشانات لگا دیئے اور علاقہ میں اعلانات کروائے گئے کہ شہری دو دن کے اندر نشانات زدہ تجاوزات کو ازخود ختم کر دیں ورنہ بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات کو مسمار کر دیا جائے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو تنبیہہ کی کہ وہ فٹ پاتھ پر سامان وغیرہ نہ رکھیں، فٹ پاتھ کو لوگوں کو گزرنے کیلئے خالی رکھیں، اگر دکان کے باہر سامان رکھا گیا تو اسکو ضبط کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انہوں نے پیپلزکالونی نمبر2 بابر چوک سے پہاڑی گرائونڈ کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والے دکانداروں کو مجموعی طور پر 76ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کائونٹر اور سامان دکانوں کے اندر رکھیں اور فٹ پاتھ کو خالی کر دیں ورنہ دوبارہ دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں