حارث رئوف ون ڈے میں 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال کے حامی

لاہور (سپورٹس نیوز) لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رئوف کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے 25اوورز کے بعد ایک گیندکے استعمال کی جو تجویز آئی ہے وہ فاسٹ بولرز کے لیے بڑی فائدہ مند ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیڈنگ فاسٹ بولرز میں شامل حارث رئوف نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال کی تجویز اچھی ہے، 25 اوورز کے بعد گیند پرانا ہونے سے بولروں کو مدد ملے گی جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا، ماضی میں 25اوورز پرانی گیند سے رنز کرنا مشکل ہوتا تھا اب تو گیند پرانی ہوتی نہیں ہر کوئی 400 پلس رنز کا بھی سوچنے لگا ہے، ایسے میں آئی سی سی 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کا سوچ رہی ہے تو یہ اچھی بات ہے، پرانی گیند ہونے سے ریورس سوئنگ ہو گی اور بولروں کو مدد ملے گی۔ حارث رئوف کا کہنا ہے کہ میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کہ رنز پڑنے پر لوگ تنقید کرتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کے بولروں کے خلاف ہی رنز بنتے ہیں، دنیا بھر میں دیکھیں ، فاسٹ بولرز کو جد و جہد کرنا پڑتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں