وومن یونیورسٹی کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور وطن عزیز کی سلامتی و دفاع کے لیے ایک پرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز نے کیا، جس میں تمام شعبہ جات کی صدور، کوآرڈینیٹرز، کنٹرولر امتحانات، مختلف ڈائریکٹرز، اساتذہ کرام اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پاکستان آرمی کے حق میں بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، جن پر حب الوطنی کے جذبے سے لبریز نعرے درج تھے۔ طالبات نے مختلف تخلیقی پوسٹرز اور نعروں کے ذریعے افواجِ پاکستان سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور حمایت کا اعادہ کیا۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرحد پار دشمن کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ ملکی سالمیت، خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ہر سطح پر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں