اسلام آباد(بیوروچیف)ملک میں بجلی کی خرید و فروخت کے لیے آزاد مارکیٹ کا نیا نظام لاگو کردیا گیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آزاد سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کو لائسنس جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق نیپرا نے آزاد مارکیٹ آپریٹرکو لائسنس منتقل کرنیکا فیصلہ جاری کردیا، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا لائسنس آزاد مارکیٹ آپریٹرکو منتقل کردیا گیا۔نئے نظام کے تحت پاکستان میں بجلی کی موثر اور شفاف مسابقت کے لیے مارکیٹ میسر آئے گی، نیا نظام صارفین کو مختلف سپلائرز سے براہ راست بجلی خریدنے کے قابل بنائے گا، آزاد مارکیٹ آپریٹر بجلی صارفین کو روایتی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا متبادل پیش کرے گا۔علاوہ ازیں، نیا نظام بجلی کے واحد خریدار کے طور پر حکومت کے کردار کو ختم کرے گا، آزاد مارکیٹ آپریٹر مارکیٹ کو ایک ملٹی پلیئر آزاد مارکیٹ میں تبدیل کرے گا۔نوٹی فکیشن کے مطابق آزاد مارکیٹ آپریٹر ابتدائی طور پر 3ڈائریکٹرز پر مشتمل ہوگی اور بعد میں تعداد 11سے زیادہ ہوگی جب کہ ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن سید زکریا علی شاہ آزاد مارکیٹ آپریٹرکے سی ای او تعینات ہیں۔آزاد مارکیٹ آپریٹر کے ڈائریکٹرز میں سیکریٹری پاور محمد فخر عالم، جوائنٹ سیکریٹری خزانہ سجاد حیدر شامل ہیں۔یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو 3اداروں میں تقسیم کرنے کی منظوری دی تھی، ان میں سے ایک ادارہ آزاد سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے نام سے قائم کیا گیا ہے۔




