متوقع بلدیاتی انتخابات،(ن)لیگ نے پارٹی رہنما متحرک کردئیے

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے متوقع بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی رہنمائوں’ اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو متحرک کر دیا اور انہیں اپنے اپنے حلقوں میں موجود مضبوط ترین بلدیاتی امیدواروں کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، جس کے بعد لیگی رہنمائوں نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، عوامی رابطہ مہم کو مزید موثر بناتے ہوئے بلدیاتی امیدواروں کے چنائو کا کام شروع کر دیا ہے، اپنی اپنی یونین کونسلز میں فعال کردار ادا کرنیوالے سابق چیئرمینوں کے ساتھ ساتھ نئے چہروں سے بھی میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ کو حکمران جماعت نے خصوصی فوکس کر رکھا ہے، ضلعی جنرل سیکرٹری اور این اے95 کے ٹکٹ ہولڈر آزاد علی تبسم کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے کہ وہ تحصیل کی تمام شہری ودیہی یونین کونسلوں کا مکمل سروے کریں۔ صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر کو ساتھ ملا کر مضبوط پینل تشکیل دے تاکہ بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ واضح کامیابی حاصل کر سکے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آزاد علی تبسم نے اس حوالے سے میٹنگز شروع کر دی ہیں، جبکہ (ن) لیگ سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی امیدواروں کا جھکائو بھی آزاد علی تبسم کی طرف ہے، کیونکہ تحصیل چک جھمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے لیے آزاد علی تبسم نے بہت زیادہ کام کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں