پنجاب بھر کی جیلوں میں “سمارٹ لائبریری” پراجیکٹ کا آغاز

لاہور (بیوروچیف) محکمہ داخلہ پنجاب کا تعلیم دوست مثالی اقدام ، پنجاب بھر کی جیلوں میں ”سمارٹ لائبریری” پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں سمارٹ لائبریری کا افتتاح کیا،پراجیکٹ کے تحت قیدیوں کو انکی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا کئے گئے،پنجاب کی تمام 44جیلوں میں بیرکس کے اندر سمارٹ لائبریز قائم کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں 1لاکھ کتابیں پہنچا دی گئی ہیں، قیدیوں کی تربیت کیلئے کتب بینی کا سازگار ماحول فراہم کیا ہے، ہر جیل میں ماہانہ 500نئی کتابوں کا اضافہ کیا جائے گا، ایک سال میں قیدیوں کی اصلاح و فلاح کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے، ماہانہ بنیادوں پر ہر بیرک کی کتابیں دوسری بیرک سے تبدیل کی جائیں گی،محکمہ داخلہ نے بیرکس میں قائم سمارٹ لائبریری کیلئے قواعد و ضوابط بھی جاری کئے۔ نور الامین مینگل نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ قیدی دیگر 10اسیران کو کتاب کا خلاصہ بیان کریں گے،تمام خواندہ قیدی دورانِ اسیری کم از کم ایک کتاب پڑھنے کے پابند ہونگے،ہر جیل میں ماہانہ بنیادوں پر زیادہ کتابیں پڑھنے قیدی کو انعام دیا جائے گا،بیرک انچارج کتابوں کی حفاظت اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا۔افتتاح پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصم رضا، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر ،ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن نوید رف، جیل سپرنٹنڈنٹ ظہیر احمد ورک ودیگر نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں