کنجوانی(نمائندہ خصوصی) ریکارڈ یافتہ ملزم کی گرفتاری کے دوران مزاحمت، پولیس اہلکارو ں پر تشدد، ملزم فرار، 34نامزد اور 25 نامعلوم مرد وخواتین کے خلاف مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق پولیس نے مخبر کی اطلاع پر اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے کئے چھاپہ مار اور دو اشتہاریوں بہاول شیرکوڈھن اور شاہد جگدے کو گرفتار کر لیا جن کے شور واویلا پر متعدد خواتین و حضرات مسلح آتشیں اسلحہ و پختہ اینٹ اور ڈنڈے سوٹے موقع پر پہنچ گئے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی منور لاشاری،کانسٹیبل اکبر اور وین ڈرائیور غلام حسین سمیت متعدد اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے گرفتار ملزم کو پولیس کی تحویل سے چھڑا کر فرار کرا دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر تاندلیانوالہ اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مزاحمت کرنے والے 7 افراد کو گرفتار کرکے ان کے گھروں کو مسمار کر دیااور ان کا مال مویشی اپنے قبضے میں لے کر پھاٹک بھیج دیا گیا اور گھریلو سامان کو ٹریکٹر کے ذریعے روند کر ناکارہ بنا دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے دوبارہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ذرائع کے مطابق مزاحمت کرنے والے بعض افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ریاستی عمل داری کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔




