فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز خواجہ محمد رضوان اور میاں طاہر جمیل کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا’ ن لیگ کے رہنمائوں خواجہ محمد رضوان اور میاں طاہر جمیل کی قیادت میں ریلیاں اپنے اپنے ڈیروں سینکڑوں کارکنوں کے ساتھ نکلیں اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل چوک میں اکٹھی ہوگئی’ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں’ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنمائوں خواجہ محمد رضوان اور میاں طاہر جمیل نے کہا کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہے لیکن وہ یاد رکھے کہ پوری قوم ہر قسم کے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع ، امن اور استحکام کیلئے متحد ہے۔ اگر ہندوستان نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کا بچہ بچہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ نظر آئے گااور بھارت کے کسی بھی قسم کے جارحانہ طرز عمل کا پوری قوم منہ توڑ جواب دے گا’ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جوبھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری پوری صلاحیت رکھتے ہیں’ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی باگ ڈور محب وطن میاں محمد نواز شریف’میاں محمد شہباز شریف کے ہاتھوں میں ہے اور ہمیں اپنے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی صلاحیتوں پر بھی مکمل اعتماد ہے’ ازلی دشمن بھارت اگر کوئی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو یہ اس کی آخری غلطی ہو گی’ ہماری بہادر افواج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے تیار کھڑی ہے۔




