تعلیمی منظرنامے کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں معیاری اساتذہ کی تعلیم کے حوالے سے 13 اور 14 مئی 2025کو بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کا مقصد اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے میدان میں جدید رحجانات، مسائل، مواقع اور چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کو فروغ دینا ہے۔یہ بین الاقوامی کانفرنس ڈپارٹمنٹ آف سیکنڈری ٹیچر ایجوکیشن اور نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، تربیتی اداروں کے سربراہان، نصاب ساز، ریسرچرز اور اساتذہ شریک ہوں گے جو تحقیق پر مبنی علم اور عملی تجربات کی روشنی میں تعلیمِ اساتذہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز اور سفارشات پیش کریں گے کانفرنس کے مختلف سیشنز میں اساتذہ کی تعلیم کے ابھرتے ہوئے رجحانات، تعلیمی معیار، لائسنسنگ، تدریسی پروگراموں کی منظوری، تربیت یافتہ اساتذہ کی بھرتی، تقرری کے اصول اور پیشہ ورانہ ترقی کے مربوط لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح کے ماہرین اساتذہ کی تعلیم کے روڈمیپ کو واضح کرنے اور پالیسی سازی کے لیے رہنما اصول وضع کریں گے اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر کے اساتذہ، تعلیمی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو اس علمی و تحقیقی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ہم اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل کے تعلیمی منظرنامے کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں