فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے موجودہ پاک بھارت جنگی صورتحال میں فیسکو ریجن میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فیسکوآپریشنل سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم اور فیسکو کے عملہ کو فیسکو ایریا میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ہدایت۔ چیف ایگزیکٹو فیسکونے فیسکو کی سنئیر مینجمنٹ کو ہنگامی صورتحال میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات اورریجنل ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر کے عملہ کو 24گھنٹے متحرک رکھنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ بجلی کے کسی بھی بریک ڈان یا فیڈر بند ہونے کی صورت میں فوری طور پر بجلی کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے گرڈسٹیشن کنسٹرکشن (جی ایس سی) اور گرڈسٹیشن آپریشن (جی ایس او) سمیت تمام عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صارفین کو بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ محمد عامر نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں فیسکو ریجن میں بجلی کی مسلسل فراہمی فیسکو کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ہر طرح سے الرٹ رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کال کی صورت میں فوری رسپانس کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی پر پہنچیں تاکہ صارفین کو کسی بھی صورت حال میں بجلی تعطل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فیسکو ملازمین اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔




