پاکستان کا پہلے گرین سکوک بانڈز کے اجراء کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان نے پہلے گرین سکوک بانڈز کے اجرا کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے جاری کیے گئے وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق گرین سکوک سے ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب ہو گی، بانڈز کا ابتدائی اجرا 20سے 30ارب روپے تک ہو گا، جن کی نیلامی کی جائیگی۔اعلامیے میں وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ بانڈز کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے لسٹ اور فروغ دیا جائے گا، بانڈز کے اجرا میں مختلف نجی بینک بھی جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز ہیں، کابینہ کی منظور کردہ پائیدار سرمایہ کاری سکوک فریم ورک کی بنیاد پر اجرا کیا گیا ہے۔وزارتِ خزانہ نے بتایا ہے کہ گرین سکوک بانڈز کے اجرا کا اقدام پاکستان کے وژن 2028 سے ہم آہنگ ہے، اس سے سرمایہ کاروں کو ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کا منفرد موقع ملے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پائیدار فنانس کو پاکستان کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں ضم کرنے کا تاریخی قدم ہے، گرین سکوک وسیع تر سرمایہ کاروں کو راغب، مالیاتی منڈیوں کو گہرا کرے گا، اس سے ملک کی سبز اور لچک دار معیشت کی طرف منتقلی تیز ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں