جھنگ روڈ پر تیز رفتار ٹرالر اور رکشہ میں تصادم،2افراد جاں بحق،3زخمی

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) جھنگ روڈ پر ٹرک سٹینڈ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں دو افراد جاں بحق اور تین بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق چنگ چی رکشہ پر سوار مسافر فیصل آباد سے سدھار جا رہے تھے کہ جب وہ جھنگ روڈ پر ٹرک سٹینڈ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار رکشہ ٹرالر سے ٹکرا گیا، جس میں سوار 39سالہ ندیم احمد ولد نذیر احمد سکنہ رشید آباد’ 30سالہ محمد موسیٰ ولد محمد جاوید سکنہ پرتاب نگر’ 32سالہ نامعلوم’ 27سالہ احسن ولد شفیق سکنہ 66رب دھاندرہ اور 51سالہ محمد ارشد ولد اصغر علی سکنہ 66ج ب دھاندرہ بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 39سالہ ندیم احمد اور 32سالہ نامعلوم مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔ ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، تاہم پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں