سرگودھا شہر کی خوبصورتی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں

سرگودہا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں شہر کی خوبصورتی اور بیوٹیفکیشن پلان پر جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر فہد محمود اور اے ڈی سی جی عمر فاروق اوراسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی کے علاؤہ پی ایچ اے، ہائی وے، میونسپل کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے اپنے محکموں کی طرف سے جاری اور آئندہ متوقع ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ان منصوبوں میں سڑکوں کی مرمت و کشادگی، گرین بیلٹس کی بہتری، پارکوں کی تزئین و آرائش، چوکوں کی خوبصورتی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مؤثر بنانے جیسے اقدامات شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر کی بڑی شاہراہوں پر وال پینٹنگز، خوبصورت فلیکس بورڈز اور بل بورڈز لگانے کے ساتھ ساتھ تاریخی و ثقافتی پہچان کو اجاگر کرنے کے لیے علامتی ڈیزائنز نصب کیے جائیں۔ انہوں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو ترجیحی بنیادوں پر خوبصورت بنانے، ٹریفک کی روانی بہتر کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ سرگودہا کو صاف، سرسبز اور جدید شہر بنانے کے لیے تمام ادارے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہر منصوبے کے لیے ٹائم لائن مقرر کی جائے اور پیش رفت کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ نہ صرف شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرے گا بلکہ سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں