ستیانہ روڈ گیٹ چوک نادرا آفس کا نکما عملہ شہریوں کو خوار کرنے لگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستیانہ روڈ گیٹ چوک میں واقع نادرا آفس شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا’ نادرا کا نااہل اور غیر ذمہ دار عملہ ارجنٹ فیس وصول کرنے کے باوجود سائلین کے چکر لگوانے لگا، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نادرا کی جانب سے ستیانہ روڈ گیٹ چوک میں اپنا آفس بنایا تو یہاں پر نادرا کا نااہل اور غیر ذمہ دار عملہ شہریوں کو مختلف بہانوں سے خوار کرنے لگا۔ جب کوئی شہری ارجنٹ فیس ادا کرکے شناختی کارڈ بنواتا ہے تو اسکو عملہ چار چار، پانچ پانچ ہفتے گزرنے کے باوجود شناختی کارڈ نہیں دیتے حالانکہ ارجنٹ فیس اد اکرنے والوں کو نادرا کی جانب سے 7دن کے اندر اندر شناختی کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔ جبکہ گیٹ چوک نادرا آفس کا عملہ شہریوں کو شناختی کارڈ بن کر نہیں آیا کا کہہ کر واپس گھروں کو بھجوا دیتے ہیں اور ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود شناختی کارڈ فراہم نہ کرنے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ سسٹم خراب ہونے کا کہہ کر سائلین کو گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ہے۔ سائلین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا آفس کو فعال اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا کہا تھا اب ان کو انتظار کرنا نہیں پڑے گا۔ لیکن نادرا آفس کا عملہ شہریوں کو خوار کر رہا ہے۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ستیانہ روڈ گیٹ چوک نادرا آفس میں فرض شناس اور محنتی عملہ کو تعینات کیا جائے اور شہریوں کو بروقت شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں