سعودیہ میں عازمین حج کو شدید مشکلات کا سامنا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کو شدید مشکلات کا سامنا’ حج کوٹہ کی رقم کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ کمروں کے اضافی 5لاکھ ادا کرنے کے باوجود بہتر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، سیکٹر انچارج اور افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے مکہ مکرمہ پہنچنے والے عازمین حج کے 45رکنی وفد کو عزیزیہ میں بلڈنگ میں 607 سیکٹر6 میں ٹھہرایا گیا ہے، عازمین حج کا کہنا ہے کہ ہم نے حج کوٹہ کی رقم کے ساتھ پرائیویٹ کمروں کے لیے اضافی 5لاکھ روپے ادا کئے ہیں مگر ہمیں جس ہوٹل میں رہائش دی گئی ہے وہاں سہولیات کا فقدان ہے، صفائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی ہے، کمروں میں کاکروج اور چوہوں کی بھرمار ہے۔ فرنیچر بھی تقریباً 50سال پرانا ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سونے کے لیے سنگل بیڈ لوہے کے بنے ہوئے ہیں۔ ہوٹل میں گندگی کے باعث بعض عازمین حج بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔ کئی عازمین کو خارش اور الرجی ہو گئی ہے، ہوٹل میں غلاظت کے باعث رہائش رکھنا تو دور کی بات سانس لینا بھی مشکل ہے۔ عازمین حج کا کہنا ہے کہ ہم نے اچھی اور ڈبل بیڈ رہائش کے لیے اضافی رقم ادا کی مگر ہمارے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہم سے زائد رقم لینے کے باوجود ہمیں مناسب رہائش نہیں دی گئی، ہماری یہاں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ سیکٹر انچارج اور افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ہماری وزیراعظم محمد شہباز شریف ۖسے اپیل ہے کہ وہ نوٹس لیکر ہمارے مسائل حل کریں اور مناسب رہائش کے لیے کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں