غیر معیاری زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت پر کسانوں کو تشویش ہے

ساہیوال (بیوروچیف) اڈا بہادر شاہ اور گردونواح میں مبینہ طور پر دو نمبر اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت کے حوالے سے متعدد بار اطلاعات سامنے آنے کے باوجود مؤثر کارروائی نہ ہونے پر کسانوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ غیر معیاری زرعی ادویات اور کھاد کے استعمال سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ان کی قیمتی محنت اور سرمایہ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔کسانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض مقامات پر زرعی ادویات اور کھاد کے معیار، قیمت اور اصلیت کے حوالے سے مناسب نگرانی نہ ہونے کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ محکمے اڈا بہادر شاہ میں زرعی ادویات اور کھاد فروخت کرنیوالے ڈیلرز کی فوری چیکنگ کریں، نمونے حاصل کرکے سرکاری لیبارٹری سے جانچ کرائی جائے اور اگر کوئی دو نمبر یا غیر معیاری مصنوعات ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ کسانوں نے کمشنر ساہیوال، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور محکمہ زراعت کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر نگرانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان پہلے ہی مہنگے زرعی اخراجات، کھاد اور ادویا ت کی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں غیر معیاری زرعی مصنوعات کی فروخت ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔کسانوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اڈا بہادر شاہ میں خصوصی کر یک ڈاؤن کیا جائے، زرعی ادویات اور کھاد کے نمونے چیک کیے جائیں اور مبینہ بے ضابطگی ثابت ہونیکی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ تاکہ کسانوں کی فصلوں، محنت اور سرمایہ کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں