سورج آگ برسانے لگا، پورا ملک گرمی کی لپیٹ میں آگیا

لاہور(بیوروچیف) لاہور سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، لاہور سمیت پورا ملک گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے، گرمی سے سڑکوں کی سطح پگھلنے لگی ہے اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19مئی تک صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے جو ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4سے 7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج درجہ حرارت 42ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، راولپنڈی میں درجہ حرارت 41، لاہور میں 45، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور، نواب شاہ 46، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور سکھرمیں 47درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو گرمی سے بچائو کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور سر کو ڈھانپنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، صوبے کے جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں صوبے میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39اور قلات میں 34ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28اور ژوب میں 38ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے اور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں