پنجاب اسمبلی میں وزرا ء کی حاضری کیلئے نئی پالیسی نافذ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب اسمبلی میں وزرا کی غیر حاضری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بڑا اور اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اب اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وزرا کے ناموں کی فہرست شامل کی جائے گی تاکہ بزنس کے دوران متعلقہ وزیر کی حاضری اور جواب دہی یقینی بنائی جا سکے۔تفصیلات کے مطابق اسمبلی کے ایجنڈے میں ہر تحریک التوا کار کے سامنے اس وزیر کا نام درج کیا جائے گا جو اس کا جواب دینے کا ذمہ دار ہوگا۔ ایجنڈے میں تحریک التوا کا نمبر، محرک کا نام اور متعلقہ وزیر کی نشاندہی واضح طور پر کی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ وزرا ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور اسمبلی کے بزنس میں بھرپور شرکت کریں۔ اسپیکر کے اس فیصلے کو اسمبلی اراکین نے سراہا اور وزرا کے نام ایجنڈے میں شامل کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسپیکر کو خراج تحسین پیش کیا۔یہ فیصلہ اسمبلی کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور حکومتی امور کو موثر طریقے سے چلانے کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں