کینال روڈ پر لگے 4سرکاری ٹیوب ویلز کا قیمتی سامان چوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا کے افسران کی نااہلی’ عدم توجہ اور غفلت کے باعث کینال روڈ پر 4ٹیوب ویلز سے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری چوری’ ٹیوب ویل کمروں کے دروازے کھڑکیاں غائب’ ٹرانسفارمرز کے پرزے اور قیمتی تاریں چور لے اُڑے’ عملہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے لگا’ واسا افسران نے کارروائی کرنے کی بجائے پراسرار طور پر خاموشی اختیار کر لی’ کینال روڈ کے دونوں اطراف شہری صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہو گئے’ ٹیوب ویلز کے لیے بنائے جانے والے کمروں پر فروٹ فروشوں اور بااثر افراد نے قبضہ جما رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ واسا کی طرف سے کچھ عرصہ قبل کینال روڈ کے دونوں اطراف مدینہ ٹائون ملحقہ آبادیوں اور منصورآباد سمیت دیگر علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے مالیت کے 4ٹیوب ویلز لگائے گئے تھے اور بھاری مشینری تنصیب کرنے کے بعد فیسکو سے بجلی کی فراہمی کیلئے سپیشل ٹرانسفارمرز کنکشن بھی حاصل کیے گئے تھے اور ٹیوب ویل کی دیکھ بھال اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے عملہ کی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی تھیں۔ دن اور رات کی شفٹ کیلئے علیحدہ علیحدہ عملہ تعینات کیا گیا تھا، تاہم بعدازاں محکمہ واسا کی طرف سے مبینہ طور پر ٹیوب ویل بند کر دیئے گئے۔ وہاں پر موجود عملہ کو برابر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں اور عملہ ٹیوب ویل سے غائب ہونے پر اور گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ تاہم مبینہ طور پر واسا کے عملہ کی ملی بھگت سے نامعلوم چور ٹیوب ویل کے کمروں کے دروازے’ کھڑکیاں چوری کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں پر لگائی جانے والی کروڑوں روپے کے ٹیوب ویل اور مشینری چوری کر لی اور بھاری مالیت کے ٹرانسفارمر اتار کر اس سے لاکھوں کا سامان اور قیمتی تاریں چور لے اُڑے۔ مذکورہ ٹیوب ویل کے کمروں پر بااثر افراد نے قبضہ کر رکھا ہے اور کئی جگہوں پر فروٹ فروش اپنا سامان رکھتے ہیں تاہم محکمہ واسا کا عملہ صورتحال سے لاعلم نکلا۔ کروڑوں روپے مالیت کی مشینری وسامان غائب ہونے پر عملہ کی طرف سے نامعلوم چوروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔ ذرائع کے مطابق وہاں پر تعینات عملہ عرصہ سے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے میں مصروف ہے اور کینال روڈ کے دونوں اطراف کی آبادیاں صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں