ڈپٹی چیف آفیسر MCFان ایکشن،دوبارہ تجاوزات پر 8دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے تجاوزات کے خاتمہ کے سلسلہ میں چوک گھنٹہ گھر اور اس کے ملحقہ بازاروں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے پر 8دکانوں کو سیل اور دیگر کو بھاری جرمانے عائد کر دیئے جبکہ گزشتہ روز افشاں کالونی جیل روڈ’ ٹپس کالج کے گرد ونواح میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ انہوں نے دکانداروں کو کہا کہ وہ فٹ پاتھ کو کلیئر رکھیں تاکہ بازار میں پیدل خریداری کرنے والوں کو گزرنے میں آسانی ہو۔ تاہم افشاں کالونی میں گھروں کے باہر تھڑوں’ گیراج اور فٹ پاتھ سمیت دیگر تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بلاامتیاز تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر زیروٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے چوک گھنٹہ گھر اور اسکے ملحقہ بازاروں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 8دکانوں کو سیل کر دیا اور اس کا سامان قبضہ میں لے لیا۔ علاوہ ازیں دیگر تجاوزات کرنے والوں کو جرمانہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور فیصل آباد کے حسن کو بحال کرنے کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ازخود تجاوزات کو ختم کر دیں جبکہ ہیوی مشینری کیساتھ ان کا زیادہ نقصان ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں