فیصل آباد میں ہونیوالی بارش نے واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ روز شدید آندھی کے ساتھ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشیبی علاقوں میں بارشی پانی نے محکمہ واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا، فیسکو کے 225 فیڈر بند ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند’ کئی مقامات پر ابھی تک بجلی بحال نہ کی جا سکی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران شدید گرمی’ لو چلنے کے بعد گزشتہ شام شدید آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے پر گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا، تاہم شہر کے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ محکمہ واسا کے مطابق سب سے زیادہ بارش مدینہ ٹائون کے علاقہ میں 21ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 10 ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 6ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی’ غلام محمد آباد میں دو دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ تاہم واسا فیلڈ سٹاف نے مختلف شاہراہوں اور چوراہوں کو کلیئر کر دیا۔ تاہم نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا بندوبست نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں شدید آندھی اور بارش کے ساتھ فیسکو کے دو سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جسکی وجہ سے شہر بھر کے متعدد علاقوں کی بجلی بند رہی۔ بجلی بند ہونے سے لوگوں کے گھروں میں پانی کی شدید قلت ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں