پولیس کی زیرحراست کبوتر باز چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ مریدوالہ کی حدود چک نمبر 487گ ب میں کبوتروں کی بازی کے دوران پولیس کارروائی کے دوران ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اختر رسول ولد خالد قوم آرائیں سکنہ چک نمبر 192گ ب کے نام سے ہوئی۔ذرائع کے مطابق چوکی انچارج منصور ندیم ASIہمراہ پولیس ملازمان معمول کی گشت پر تھے جب انہوں نے کبوتروں کی بازی کی اطلاع پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی متعدد افراد فرار ہوگئے جبکہ اختر رسول مبینہ طور پر بچنے کی کوشش میں ایک مقامی ڈیرے کی دیوار پھلانگتے ہوئے پکڑا گیا۔پولیس نے اختر رسول کو حراست میں لے کر چوکی ظفر چوک لے جانے کی کوشش کی تاہم راستے میں اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گیا۔ پولیس اہلکار مبینہ طور پر اسے قریبی پرائیویٹ کلینک (ڈاکٹر رئوف) پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔مرحوم کے ورثاء کا دعویٰ ہے کہ اختر رسول کو پولیس نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ متوفی بھاگنے کی کوشش کے دوران طبعی ناسازی کے باعث جاں بحق ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں