اسلام آباد (بیوروچیف) ہنڈائی نشاط موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے اپنی مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کے فریٹ چارجز میں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چارجز میں یہ تبدیلی جس کا اعلان 19مئی 2025کو سرکاری سرکلر کے ذریعے کیا گیا 1جون سے موثر ہوگی اور ان تمام گاڑیوں پر لاگو ہوگی جن کی انوائس اس تاریخ یا اس سے بعد میں ہوں گی۔اس تبدیلی کا اثر ہنڈائی کی مشہور ترین گاڑیوں پر بھی پڑے گا جن میں ہنڈائی پورٹر، ایلانٹرا ہائبرڈ، ٹوسان ہائبرڈ، سونٹا اور سانتا فی ہائبرڈ شامل ہیں،ان تمام ماڈلز پر اب مزید 15ہزار روپے کا فریٹ چارج لاگو ہوگا۔ہنڈائی نے اپنے ڈیلر پریکپالز اور سیلز ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اندرونی نظام اور ورک فلو کو نئی قیمتوں کے مطابق تبدیل کریں، کمپنی نے فروخت کے عملے کو مزید رہنمائی کے لئے ایریا سیلز منیجرز سے رابطہ قائم رکھنے کا بھی کہا ہے۔ہنڈائی کے مطابق فریٹ چارجز میں اضافہ کمپنی کی ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ بڑھتی ہوئی ترسیلی لاگت کا انتظام کیا جا سکے اور ملک بھر میں بہتر سروس جاری رکھی جا سکے۔




