علماء کرام منبر و محراب سے قربانی کے شرعی و سماجی آداب کے پیغام کو عام کریں

سرگودہا (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر)محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک انتظامات، مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں علماء کرام، ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی متحرک ہے۔ شہر بھر میں ہر گھر کو شاپنگ بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ منبر و محراب سے صفائی، قربانی کے شرعی و سماجی آداب اور مذہبی رواداری کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں رواں سال صفائی کی صورتحال ماضی سے بہتر ہو گی اور شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ قربانی کے بعد شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلیوں اور نالوں میں آلائشیں پھینکنے سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔اجلاس میں قادیانیوں کی جانب سے قربانی کی ممکنہ کوششوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور اس امر پر اتفاق پر پایا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں اور آئین پاکستان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں