گرانفروشی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ٹوبہ متحرک

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں باقاعدہ انسپکشنز کریں اور نرخناموں کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پیاز، لہسن، ادرک، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی قوتِ خرید کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ مئی کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ 53 ہزار 517 انسپیکشن کی گئیں، جن کے دوران گرانفروشی پر 13 لاکھ 47 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز عارف حسین سمیت تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں