عید الاضحی ، جیلوں میں بند قیدیوں سے ملاقاتیں ہو سکیں گی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے عیدالاضحی کے موقع پر جیلوں میں بند قیدیوں کی سپیشل ملاقاتیں کروانے کے احکامات جاری کر دیئے، صوبہ بھر کے جیل سپرنٹنڈنٹس کو جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جیلوں میں قید قیدیوں’ حوالاتیوں خواتین’ نوعمر اسیران سے ان کے لواحقین کی عیدالاضحی کے پہلے اور دوسرے روز صبح نو بجے سے شام 5بجے تک خصوصی ملاقات کروائی جائے۔ اسیران کے عزیز واقارب کو کسی بھی پریشانی سے بچانے کیلئے عملہ کی بھی سپیشل ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور لواحقین کی طرف سے اسیران کیلئے فراہم کردہ کھانا تلاشی کے بعد وصول کیا جائے۔ عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی ملاقات صرف قیدیوں کے والدین’ بہن بھائی’ بیوی اور بچوں سے ہو گی۔ دیگر رشتہ دار یا دوست احباب کے ساتھ ملاقات نہیں ہو گی اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی کے امکانات کے خاتمہ کیلئے سپرنٹنڈنٹس’ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور دیگر ڈیوٹی افسران انتظارگاہ’ ملاقات شیڈز کے دورے کر کے شکایات کا موقع پر ازالہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں