مسلح افراد کی پھل فروش سے غنڈہ گردی،تشدد،گھر گھس کر خواتین سے بدتمیزی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ چھوٹی ڈی گرائونڈ کے قریب مسلح افراد کا پھل فروش سے غنڈہ گردی کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد’ گھر گھس کر خواتین سے بدتمیزی’ گھریلو سامان توڑ پھوڑ دیا، اہل محلہ نے بڑی مشکل سے بیچ بچائو کروا کر جان بخشی کروائی، ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق پیپلزکالونی نمبر1 اے بلاک نزد سٹوڈنٹ ان اکیڈمی کے رہائشی امجد علی نے پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ میں چھوٹی ڈی گرائونڈ سٹوڈنٹ ان اکیڈمی کے قریب اپنے گھر کے باہر پھل کی ریڑھی لگاتا ہوں۔ گزشتہ روز 32سالہ نامعلوم ملزم پھل خریدنے کیلئے آیا تو اس سے بحث ومباحثہ’ منہ ماری ہو گئی۔ شور سن کر اس کا بیٹا علی احمد باہر آیا اور اسکو منع کیا تو وہ طیش میں آ گیا اور ان کو گالیاں دینا شروع کر دیں تو اس نے بیٹے کو گھر بھیج دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ اپنے 8مسلح ساتھیوں کے ہمراہ دوبارہ وہاں پر آیا اور مشتعل ملزمان نے آہنی راڈ’ ڈنڈوں اور سوٹوں سے اسکو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی گھر داخل ہو کر اسکے بیٹے علی احمد پر بھی تشدد کیا۔ گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی، اس کی ضعیف والدہ’ اہلیہ اور ہمشیرہ آگے بڑھیں تو ملزمان نے ان کو بھی ہراساں کیا اور گالیاں دیں۔ تاہم شور سن کر اہل محلہ نے بڑی مشکل سے ان سے جان چھڑائی۔ ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ جس پر اس نے استدعا کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں