عید الاضحی پر مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات،10افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) عید کے تینوں روز ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی’ دو خواتین اور بچے سمیت 10افراد جاں بحق ہو گئے۔ نہر میں ڈوب کر 7سالہ بچی چل بسی جبکہ عیدالاضحی کے تینوں ایام میں 363ٹریفک حادثات’ آگ لگنے کے 34واقعات رونما ہوئے جبکہ 863میڈیکل ایمرجنسی کی کالز موصول ہوئیں’ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 1526 افراد کو ریسکیو کر کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا۔ واقعات کے مطابق تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ جہانگیر موڑ پر ایک تیز کار کے ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار ارشد اسکی اہلیہ سلمیٰ اور بھانجی طیبہ کو ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں ارشد اور اسکی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی بھانجی طیبہ کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ جھنگ روڈ 79ج ب اڈا پر ڈمپر اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں 45سالہ فوزیہ قمر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا شوہر اسلم اور بیٹی انابیہ زخمی ہو گئے، مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی، پولیس نے موقع پر مشتعل لواحقین کو روکتے ہوئے ڈمپر لگائی جانیوالی آگ پر قابو پایا جنہوں نے ڈمپر کو تھانہ منتقل کر دیا۔ دھنولہ بائی پائی ملت روڈ پر رکشہ الٹ جانے سے 50سالہ نور بی بی زوجہ محمد احمد موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ 38سالہ شعیب ولد محمد اکرم’ آٹھ سالہ رومسا’ سات سالہ عنایہ’ 60سالہ محمد احمد زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تھانہ بلوچنی کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر نامعلوم گاری کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار عمران’ جڑانوالہ روڈ بجلی گھر سٹاپ کے قریب ہائی ایس ویگن کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار محمد بوٹا شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جڑانوالہ لاہور روڈ پر کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں چار سالہ باسط علی ولد علی شیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی والدہ ماریہ بی بی زوجہ علی شیر اور بھائی دو سالہ عبادت علی ولد علی شیر زخمی ہو گئے۔ سمندری روڈ بائی پاس کے قریب موٹرسائیکل سوار نوجوان احمد تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل سے گر کر شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ گھوکھوال کے قریب موٹرسائیکل سوار ابرار قربانی کے جانور سے بچتے ہوئے کھمبے میں ٹکرانے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ جلوی مارکیٹ کے قریب شاہ زیب جاوید’ نذیر احمد موٹرسائیکلوں سے گر کر زخمی ہو گئے، سمندری کبڈی چوک میں تیز رفتار کار الٹ جانے سے کار میں سوار چار افراد امین’ الطاف اور شکور وغیرہ زخمی ہو گئے۔ سمندری روڈ ایل سی ایم سکول کے قریب نواب ٹائون کی رہائشی 7سالہ میرب دختر حامد نہر کنارے بیٹھ کر پائوں دھوتے ہوئے نہر میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں