تازہ حملوں میں13فلسطینی شہید

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ ڈرون اور فضائی حملوں میں مزید 13فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہدا کی تعداد 50ہو گئی ہے۔ عرب و عالمی خبر ایجنسیوں کے مطابق کم از کم 400افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حملوں کا ہدف اس بار بھی پناہ گزیں کیمپ، رہائشی عمارتیں اور اسپتالوں کے نزدیک علاقے بنے۔ غزہ میں مجموعی شہدا کی تعداد 54ہزار 930ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 26ہزار 600سے تجاوز کر گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں متعدد خاندان مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے۔ ریڈ کراس نے غزہ میں موجود اسپتالوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے طبی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور مریضوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن نہیں رہی۔ ریڈ کراس نے خبردار کیا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو ہزاروں زخمیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ تاحال صرف تشویش کے بیانات تک محدود ہے، جبکہ اسرائیل کی جارحیت بے لگام انداز میں جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں