جڑانوالہ روڈ،سمن آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن،سامان ضبط

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس نے گزشتہ روز جڑانوالہ روڈ’ جلوی مارکیٹ’ مدنی چوک سمن آباد’ ڈگلس پورہ میں آپریشن کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان قبضہ میں لے لیا جبکہ آج 12جون سے 27جون تک فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ مذکورہ علاقوں میں پختہ تجاوزات کو ہیوی مشینری کے استعمال سے مسمار کر دیا جائے گا۔ جبکہ شہری گھروں کے باہر تھڑے’ گیراج’ واش رومز کا ازخود خاتمہ کر لیں اور دکانداروں کو کہا کہ وہ فٹ پاتھ کو پیدل چلنے کیلئے خالی رکھیں اور اپنا تمام قسم کا سامان دکان کے باہر نہ رکھیں ورنہ سامان کو ضبط کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے سلسلہ میں آج 12جون کو ڈگلس پورہ میں پختہ انکروچمنٹ اور وارث پورہ کا وزٹ کر کے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کر لیا۔ 13جون کو زم زم روڈ بٹالہ کالونی میں پختہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ہو گا جبکہ ڈجکوٹ روڈ’ کچہری بازار تا چنیوٹ بازار گول کپڑا والا میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ 14جون کو شاداب موڑ’ ستیانہ روڈ’ امین پور بازار’ بھوآنہ بازار منشی محلہ’ نیو انار کلی بازار’ 16جون کو منصورآباد’ شیخوپورہ روڈ کے ساتھ ساتھ جھنگ بازار’ لسوڑی شاہ روڈ’ ریگل روڈ’ راجباہ روڈ پر حسب معمول کارروائی کی جائے گی۔ 17جون کو اسلام نگر’ ملت روڈ پر گرینڈ آپریشن جبکہ کارخانہ بازار’ محمدی مارکیٹ ریلبازار اور مندر گلی میں تجاوزات کے خلاف ایکشن ہو گا۔ 18جون کو سمن آباد انار کلی بازار’ سمندری روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکلر روڈ’ گمٹی چوک تا چنیوٹ بازار پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ 19جون کو انکروچمنٹ عملہ ڈی ٹائپ کالونی اور جڑانوالہ کا رُخ کریگا جبکہ منٹگمری بازار’ گول صابن والا’ گول کریانہ پرانی لکڑمنڈی میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ 20جون کو افغان آباد’ جھمرہ روڈ پر گرینڈ آپریشن جبکہ ریگل روڈ اور اس کی ملحقہ گلیوں’ جھنگ بازار گول لکڑوالا میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 21جون کو ملک پور’ سوساں روڈ کے ساتھ ساتھ شہر کے وسط میں امین پور بازار’ بھوآنہ بازار اور اس کے ملحقہ بازاروں سے تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا۔ 23جون کو گارڈن کالونی’ گلبہار کالونی میں گرینڈ آپریشن اور نڑوالا روڈ پر عارضی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 24جون کو غلام محمد آباد چاندنی چوک تا ڈوگر چوک اور ستیانہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی۔ 25جون کو شیخوپورہ روڈ سٹیم پاور تا چونگی نمبر 5 اور جھنگ روڈ پر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن کیا جائے گا۔ 26جون کو بھٹہ سٹاپ تا بھائی والا اور ڈی ٹائپ کالونی میں انکروچمنٹ کا خاتمہ کیا جائے گا اور 27جون کو مسلم ٹائون نمبر3′ سرگودھا روڈ پر پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے کہا کہ شہر میں بلاامتیاز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور کسی کو بھی گھروں’ دکانوں’ بازاروں میں پختہ یا عارضی تجاوزات کرنے کی اجازت نہ ہے۔ تاجروں کو چاہیے کہ وہ دکان کے سامنے فٹ پاتھ کو خالی رکھیں اور دکانوں’ گھروں کے باہر تھڑے’ گیراج’ واش رومز کو ازخود ختم کر دیں ورنہ ہیوی مشینری کی مدد سے پختہ تجاوزات کے خاتمہ پر زیادہ نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور اس کے حسن کو بحال کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں