سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا سید اسد عباس شیرازی نے لاہور روڈ پر قائم مختلف بھٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ استعمال کرنے ،ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سٹرس سٹی کے قریب ایک بھٹہ سیل کر دیا گیا جبکہ اس کے فائر ایریا کو کرین کی مدد سے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اسی طرح ایک اور بھٹے کے فائر ایریا کو بھی مسمار کیا گیا۔مجموعی طور پر خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان کو 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی نے کہا کہ سرگودہا میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں۔ بھٹہ مالکان کو بارہا تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ماحول دوست ٹیکنالوجی استعمال کریں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت پنجاب کے واضح احکامات کے مطابق کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔




