واٹرری سائیکل پلانٹ نہ لگوانے والے سروس اسٹیشنز کو نوٹس جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات نے ضلع بھر میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے واٹر ری سائیکل پلانٹ نہ لگوانے والے سروس اسٹیشنز کو نوٹس جاری کرنے کا آغاز کر دیا۔ ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے صوبہ بھر میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے حکومت پنجاب اور محکمہ تحفظ ماحولیات کو اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے تھے کہ فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں سروس اسٹیشن گاڑیوں کی صفائی واش کرتے وقت بہت زیادہ پانی ضائع ہوتا ہے اور شہری گھروں کے باہر بھی گاڑیوں کو واش کرتے ہیں جسکی وجہ سے پانی ضائع ہوتا ہے۔ جس پر ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات نے احکامات جاری کئے تو ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد محکمہ تحفظ ماحولیات نے کہا کہ ضلع بھر میں سروس اسٹیشنز مالکان فوری طور پر ری سائیکل پلانٹ لگوانے کے احکامات جاری کئے ہیں جن سروس اسٹیشنز مالکان نے ری سائیکل پلانٹ نہ لگوائے ان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے سیل کر دیا جائیگا۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر میں سروس اسٹیشنز کو ری سائیکل پلانٹ لگوانے کے نوٹس جاری کر دیئے۔ ان کو کہا گیا ہے کہ نوٹس وصول کے پندرہ روز کے اندر اندر اپنے سروس اسٹیشن پر پانی کا ضیاع روکنے کیلئے واٹر ری سائیکل پلانٹ نصب کر کے فنکشنل کریں۔ عدم تعمیل کی صورت میں سروس اسٹیشن سیل کر دیا جائے گا اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں