2غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچے مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 45 کارروائیوں میں سات غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار، ناجائز تعمیرات پر 28 پلاٹس کو سیل اور 10 علاقوں میں پختہ تجاوزات کا صفایا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیمیں قانون کی عملداری چیک کرنے کے لئے فیلڈ میں سرگرم عمل رہیں اور ماہ مئی کے دوران ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ اور سرگودھا روڈ پر سات غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی، موقع پر موجود ان کے دفاتر کو سیل اور سیوریج، چار دیواریوں، سڑکوں و دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا۔ اسی عرصہ میں مدینہ ٹائون، گلبرگ کالونی، گلفشاں کالونی, گلستان کالونی، ناظم آباد، ستیانہ روڈ، ڈجکوٹ روڈ، عثمان اباد، سنہری ٹائون اور ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول دیگر رہائشی کالونیوں و کمرشل مارکیٹس میں حدود سے تجاوز کر کے تعمیر کئے گئے تھڑوں، ریمپس و دیگر تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا۔ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے گزشتہ ماہ انسپکشن کرتے ہوئے سرسید ٹائون، مدینہ ٹائون، عثمان آباد، علامہ اقبال کالونی ودیگر رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن اور بلامنظوری بلڈنگ پلان کے تعمیرات کرنے پر 28 پلاٹس کو سیل کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دئیے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں، رہائشی پلاٹس کو بلامنظوری کاروباری میں تبدیل کرنے اور تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیا جائے، خلاف ورزی کی صورت میں قصورواروں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں