ایف ڈی اے کی سروسز تیز رفتار فراہمی کیلئے پُرعزم ہیں ،ڈی جی آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جائیدادوں کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس کے رئیل ٹائم اجرا میں پنجاب بھر میں سرفہرست ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے اس سلسلے میں بھرپور توجہ، محنت اور پختہ عزم سے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل کرکے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کے انتظام و انصرام کو بتدریج جدت سے ہمکنار کیا جا رہا ہے جس کے تحت اب درخواست گزار موقع پر ہی اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اگلے مرحلے کی رہائشی کالونیوں کے درخواست گزاروں میں رئیل ٹائم اجرا سسٹم کے تحت اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے بتائی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی سروسز تیز رفتار فراہمی کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں چار رہائشی کالونیوں ایف ڈی اے سٹی، سرسید ٹائون، عوامی کالونی، گلستان کالونی نمبر1اور 2کی پراپرٹیز کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹس کے اجرا کے بعد مزید تین رہائشی کالونیوں ناظم آباد، گلشن کالونی اورملت ٹائون کے جائیداد مالکان کو یہ سہولت میسر آئے گی جبکہ یکم جولائی2025 سے بقایا دس رہائشی کالونیوں کی جائیدادیں اس سسٹم میں شامل ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس کے حصول کے لئے اب درخواست گزاروں کو بار بار دفتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اس سلسلے میں درخواست دھندہ کو بیک وقت تمام شعبوں کی رپورٹس اور آن لائن پے منٹ کے فوری بعد یہ سرٹیفکیٹ جاری ہوجائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے اقدامات کے تحت جائیداد مالکان آن لائن اپلائی کر کے گھر بیٹھے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر رئیل ٹائم اجرا کے بعد اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے درخواست گزاروں نے سروس ڈیلیوری کے حوالے سے ایف ڈی اے کے جدید اقدامات کے تحت تیز رفتار سروس ڈیلیوری کو سراہا اور کہا کہ انہیں درخواست جمع کرانے کے فوری بعد اونرشپ سرٹیفکیٹ جاری کرنا قابل ستائش اقدام ہے جسکی بدولت انہیں بے حد ریلیف حاصل ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں