ڈیوٹی فری درآمد ختم کرنے کیلئے بڑا اقدام

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے فنانس بل 2025-26 میں مختلف آن لائن پلیٹ فارمز سے 5ہزار روپے مالیت تک کی ڈیوٹی فری درآمد ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ،اب 5ہزار کے بجائے محض 5سو روپے کی درآمد پر ڈیوٹی فری کی سہولت ہو گی۔چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ بڑے درآمد کنندگان چھوٹے باکسز میں 5ہزار تک ڈیوٹی فری آرڈرز منگوا رہے تھے، بین الاقوامی آن لائن فورمز ٹیکس بھی ادا نہیں کرتے، اس سے مقامی ری ٹیل مارکیٹ کا بزنس 15سے 20فیصد تک ختم ہو چکا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے اجلاس کے دوران کسٹمز ایکٹ میں نئی ترامیم کی منظوری دیدی ، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کارگو ٹریکنگ سسٹم کیلئے تجویز منظور کی گئیں ہیں ۔چیئرمین ایف بی آر کا کہناتھا کہ ای بیلیٹی کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیوائسز سے اسمگلنگ میں ملوث گاڑیاں پکڑی جا سکیں گی، کارگو گاڑیوں کی ای بیلیٹی شناخت نہ ہونے پر مشکوک ہونے کے باعث پکڑ لیا جائے گا۔فنانس بل کے مطابق ای بیلیٹی اور ٹریکنگ ڈیوائس پر نہیں ہو گی اس کو پہلی مرتبہ 50ہزار روپے جرمانہ ہو گا، اگر دوسری مرتبہ بھی ای بیلیٹی اور ٹریکنگ ڈیوائس پر نہیں ہو گی تو 5لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، جان بوجھ کر ای بیلیٹی، ٹریکنگ ڈیوائس انسٹال نہ کرانے یا ٹمپرینگ پر سزائیں مزید سخت ہوں گی، ایسی صورت میں 10لاکھ جرمانہ، مال ضبط اور چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی۔فنانس بل میں کسٹمز کے وئیر ہائوس سے 20دن کے اندر سامان نہ اٹھانے پر پینلٹی کی شرح بڑھا دی گئی ہے ، کسٹمز کے وئیرہائوس سے 20دن کے اندر سامان نہ اٹھانے پر پینلٹی کی شرح اعشاریہ 25فیصد ہو گی، فنانس بل میں وئیر ہائوس سے اشیا کے اٹھانے کیلئے 20دن کے بجائے 10دن کی تجویز دی گئی تھی۔فنانس بل میں اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بینک لیز پر چھڑوانے کی سہولت ختم کر دی گئی ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو اب بینک گارنٹی پر نہیں چھڑوایا جا سکے گا۔ٹمپرڈ گاڑیوں کو ڈیوٹیز ادائیگیاں ہونے کے باوجود 5 سال بعد لیگل کرنے کا اسٹیٹس ختم کر دیا گیاہے ، اس سے قبل ٹمپرڈ گاڑیوں کو ڈیوٹی ادائیگی کے5سال بعد لیگل اسٹیٹس دے کر کلئیر کیا جاتا تھا۔آئندہ 5 برس میں ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل ریگولیٹری ڈیوٹی کو ختم کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں