بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان،امیدواروں کے ڈیرے آباد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے اعلان کے بعد بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی بہت بڑی تعداد میدان میں آ گئی، فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی امیدواروں کے ڈیرے آباد’ سیاسی گہما گہمی بڑھ گئی۔ تفصیل کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ بجٹ کے فوری بعد صوبہ بھر میں بلدیاتی الیکشن کروائیں گے اور پنجاب حکومت اس سلسلے میں تیار ہے، اس اعلان کے ہوتے ہی فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع ہو گئیں اور اس میں حصہ لینے والے امیدواروں نے اپنے ووٹروں اور سپورٹروں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ڈیروں پر رونقیں نظر آنے لگی ہیں اور ووٹروں وسپورٹروں کی آئو بھگت شروع کر دی گئی ہے، ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے ان کی چائے اور کھانوں سے تواضع بھی کی جا رہی ہے جبکہ انہیں درپیش مسائل ومشکلات کے حل کیلئے بھی فوری اقدامات کر کے ان کی ہمدردیاں حاصل کی جانے لگی ہیں، فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بلدیاتی امیدواروں کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے حلقوں میں معززین علاقہ اور مختلف برادریوں کے سرکردہ افراد کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے ان سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے بجٹ کے فوری بعد بلدیاتی الیکشن کروانے کے اعلان کا اثر ہر جگہ نظر آنے لگا ہے اور اگلے دنوں میں بلدیاتی امیدواروں کی سرگرمیاں مزید بڑھ جانا یقینی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں