کوشش ہے کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ بھرپور طریقے سے چلے،نائب صدرFCCIقیصر شمس گچھا

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)فیصل آباد کسٹمز کلکٹوریٹ نے ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی سہولت کیلئے جدید ایپ متعارف کرایا ہے جس کے تحت ان کی درخواستو ں کو چند دنوںمیں نمٹایا جا سکے گا جبکہ برآمد کنندگان یا ان کے متعلقہ ملازمین اپنی درخواستوںکے Statusکو آن لائن بھی چیک کر سکیں گے۔ یہ بات کلکٹر کسٹم ڈاکٹر رضوان بشارت نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں نئی ایپ بارے آگاہی دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے تحت ای ایف ایس سے فائدہ اٹھانے والوں کو Standardized format کے تحت آن لائن درخواست دینی ہو گی اور اگر انہوں نے اپنا درست ٹیلی فون نمبر یا ای میل ایڈریس دیا ہے تو اس پر انہیں فوری طور پر اُن کی درخواست پر ہونے والی کارروائی یا کسی کمی کوتاہی بارے بھی آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہیں سب سے بڑا مسئلہ یہ درپیش کہ ای ایف سی سے فائدہ اٹھانے والوں نے درست ٹیلی فون نمبر نہیں دیئے جس کی وجہ سے غیر ضروری تاخیر سے مجموعی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کو آزمائشی طور پر شروع کر دیا گیا ہے جسے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مطلوبہ فارمیٹ پر درست معلومات مہیا کر دی جائیں تو ای ایف ایس بارے برآمد کنندگان کی درخواستوں کودنوں میں نمٹایا جاسکے گا اور اس بارے میں وہ خود بھی اپنی درخواست کا Statusآن لائن دیکھ سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ ایپ آزمائشی طور پر چل رہا ہے اور توقع ہے کہ اس کی غلطیوں کو ای ایف سی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کی مشاورت سے ایک دو ہفتوں میں دور کر لیا جائے گا۔ کلکٹرکسٹم نے اس ایپ بارے آگاہی دینے کے علاوہ شرکا کے مختلف سوالوں کے بھی جواب دیئے ۔ اس سے قبل ڈاکٹر رضوان بشارت کا خیر مقدم کرتے ہوئے قیصر شمس گچھا سینئر نائب صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کہا کہ اُن کی کوشش ہے کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ بھر پور طریقے سے چلے کیونکہ اس کے استعمال سے مقامی برآمد کنندگان کی لاگت میں بھی کمی ہو گی۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے ڈاکٹر رضوان بشارت کا شکریہ ادا کیا جو چیمبر کے ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے ای ایف ایس سے فائدہ اٹھانے والے اپنے دفتر یا گھر سے بیٹھ کسٹم کے حوالے سے تمام سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔ سوال و جواب کی نشست میں یوسف ریحان بھراڑہ ، محمد احمد، آصف ریاض، کامران عمر، محمد اسماعیل اور رانا مہران نے بھی حصہ لیا جبکہ آخر میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مزمل سلطان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں