ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کے محرم الحرام کے حوالے سے اقدامات شروع

چنیوٹ(نامہ نگار)پرامن عشرہ محرم الحرام کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے محرم الحرام کے سلسلے میں تعزیہ لائسنس داران و منتظمین جلوس سے اہم ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی وپولیس انتظامیہ ضلع میں امن وامان کے قیام کے لئے پرعزم ہے اورجلوسوں کے روٹس ومجالس کے مقامات پر محرم سے قبل تمام درکار انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔سیوریج سسٹم کی بحالی،سٹرکوں وگلیوں کا پیچ ورک،لٹکتی تاروں کی درستگی سمیت دیگر درکار انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کا جامع انتظام کیا جائے گا۔جلوسوں ومجالس کے منتظمین وقت کی پابندی یقینی بنائیں اوررضاکاروں کو بھی متحرک کریں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے۔مشکوک افراد پر نظر رکھیں،واٹس ایپ پیجر کو Only Admin can send message کردیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو امن میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ایس او پیز پر ذمہ داری سے عمل کریں،ضلعی وپولیس انتظامیہ ہر ممکن معاونت کریگی۔منتظمین نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر امن وسلامتی کی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں