فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ بچوں کو مہلک بیماریو ں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا بروقت اور مکمل کورس نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ 16جون تا15جولائی تک جاری رہنے والی ویکسینیشن مہم میں اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس ضرور کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران،فیلڈ سٹاف اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بچوں کی صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مہم کا مقصد ہر بچے کو حفاظتی ٹیکہ جات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ آئندہ نسل مہلک اور قابلِ بچائو بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔ والدین کا بھرپور تعاون ان کوششوں کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے شدید گرمی کے باوجود فیلڈ میں متحرک ویکسینیشن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران سو فیصد کوریج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔




