سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرگودہا، خوشاب اور بھکر اضلاع میں روڈ سیکٹرز اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری لوکل گورنمنٹ سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کے 251 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں، جن پر مجموعی طور پر 2 ارب 92 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان میں سرگودہا کی 231، خوشاب کی 17 اور بھکر کی 3 سکیمیں شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تمام سکیمیں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور انہیں 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ روڈ سیکٹر سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع خوشاب میں 26 ارب 31 کروڑ روپے تخمینہ لاگت کی 49 سکیموں اور ضلع سرگودہا میں 40 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی 43 سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔




