شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،عاصم محمود

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات پر انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ انچارج ستھرا پنجاب عاصم محمود نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔انہوں نے گھنٹہ گھر چوک، ریل بازار، چنیوٹ بازار، شیخوپورہ روڈ، جھمرہ روڈ،مانانوالہ،گلبرک ویلی، جڑانوالہ روڈ، جلوی مارکیٹ، ملت چوک، ڈی گراونڈ و دیگر علاقوں میں صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی رف احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ انچارج ستھرا پنجاب عاصم محمود نے شہریوں سے صفائی کے معیار بارے بھی استفسار کیا۔شہریوں نے صفائی انتظامات اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کو بھرپور سراہا۔عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں، جانوروں کی باقیات کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات کو بھی سراہا۔انہوں نے شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں صفائی کا بہترین معیار قائم رکھنا چاہتی ہیں۔وزیر اعلیٰ کے مشن کو پورا کرنے کیلئے تمام شہروں کے سرپرائز وزٹ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے چوک گھنٹہ گھر میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی قائم رکھنے میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں۔کاروباری جگہیں کھولنے کے بعد کچرا شاہرائوں، مارکیٹوں، بازاروں میں پھینکنے کی بجائے دوکانوں کے باہر کوڑا دان نصب کریں تاکہ صفائی عملہ دوسری شفٹ کے دوران ان کوڑا دانوں کو کلیئر کرے۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنا نہ صرف حکومت اور اداروں کی ذمہ داری بلکہ اس میں شہریوں کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔بعد ازاں انہوں نے ایف ڈبلیو ایم سی کمپلیکس میں قائم سینٹرل کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں آئی ٹی آفیشلز کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں