یکم سے 10محرم الحرام تک پنجاب میں دفعہ144نافذ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ، حکومت پنجاب نے محرم الحرام سکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کی جائے گی۔پنجاب بھر میں یکم سے 10محرم تک دفعہ 144نافذ ہوگی، محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی۔مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر دفعہ 144نافذ کی جائے گی۔جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی لگائی جائے گی، جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی ہوگی، بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10محرم الحرام تک ہوگا، ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9اور 10محرم الحرام کو ہوگا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے نفاذ کے احکامات جاری کر دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں