سیلابی ریلے سے تباہی 3رابطہ پل ٹوٹ گئے

اپردیر (نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں موسلادھار برسات کے باعث سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے۔ذرائع کے مطابق سیاحتی مقام کمراٹ کے مرکزی پل سمیت 3رابطہ پل سیلابی پانی کی نذر ہو گئے، جب کہ 4مکانات اور ایک پاور ہاس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سیلابی ریلے میں ایک بچے کے بہہ جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ اپردیر اور گردونواح میں رات گئے ہونے والی تیز بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ریلوں سے سیاحتی مقام کمراٹ اور جہاز بانڈہ میں 3رابطہ پل بہہ گئے، کمراٹ کا پل بہہ جانے سے اطراف میں سیرو تفریحی کے لیے جانے والے سیاح بھی پھنس گئے ہیں جب کہ مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 20سے 23جون تک پری مون سون سیزن کے لیے الرٹ جاری کیا ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہوئی ہیں جب کہ مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ 20جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں