سٹی ٹریفک پولیس ریلوے روڈ کے دکانداروں کی پریشانیاں بڑھا رہی ہے،آفتاب احمد بٹ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گمٹی چوک میں خالی لوڈر رکشائوں کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے ریلوے روڈ کے خریداروں کی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھایا جانا معمول بن گیا جس کی وجہ سے گاہکوں نے ریلوے روڈ سے خریداری کرنا ختم کر دیا ہے’ دکاندار سارا سارا دن گاہکوں کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار آفتاب احمد بٹ جنرل سیکرٹری انجمن تاجران ریلوے روڈ کے ممبران ذیشان احمد’ عبد الحق’ شیخ ندیم’ شیخ فیصل’ محمد خرم’ محمد عمیر’ طیب گوہر’ میاں اختر’ محمد اکرم’ محمد نوید و دیگر تاجران دکانداروں کے ہمراہ ٹریفک پولیس کی طرف سے ریلوے روڈ سے ٹریفک لفٹر سے گاڑیاں اٹھانے کے خلاف احتجاج کے موقع پر کیا’ انہوں نے کہا کہ ریلوے روڈ پر دو منٹ کیلئے گاہک سامان لینے کیلئے دکان کے اندر جاتا ہے تو اسے 2000 روپے کا چالان بھگتنا پڑ جاتا ہے’ انہوں نے کہا کہ لفٹر نے گمٹی چوک سے چارٹرڈ بینک چوک تک ہدف مقرر کر رکھا ہے’ گمٹی چوک سے ہلال احمر چوک تک ‘ گمٹی چوک سے منٹگمری بازار تک اور گمٹی چوک سے چینوٹ بازار تک لفٹر کھڑی گاڑیوں اور خالی رکشائوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتاجس کی وجہ سے ریلوے روڈ کے دکانداروں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے اور ان کا کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے’ ہماری ٹریفک کے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ ہماری پریشانی کا ازالہ کیا جائے ورنہ ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے’ اس موقع پرسیکٹر انچارج اور لفٹر انچارج اور ڈی ایس پی ٹریفک موقع پر پہنچے اور تاجروں کے مسائل سن کر انہیں حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں